گورنمنٹ سینٹینئل ماڈل ھائر سیکنڈری سکول کوٹ نجیب اللہ ،ھری پور میں بروز منگل 26ستمبر،سیرت رحمت عالم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ھری پور محمد عابد نے کی جبکہ معروف سکالر ڈاکٹر عبدالمھیمن مہمان مقرر تھے،اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ھری پور مختیار احمد خان جدون بھی
موجود تھے۔ تلاوتِ قرآن مجید اور نعت شریف کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔افتتاحی کلمات میں پرنسپل سکول ھذا ڈاکٹر عامر عتیق صدیقی نے سیرت کانفرنس کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشرتی بگاڑ اور اخلاقی انحطاط کو سیرت اطہر صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو عام کرنے اور اس پر عمل کرکے ہی دور کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر عبدالمھیمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اطاعت و اتباع ،تسلیم و رضا،خوش اخلاقی و نرم خوئی،مخلوق کو تکلیف نہ دینا،ظلم و زیادتی سے باز رہنا،نفرت،حسد،بغض،جھوٹ جیسی بیماریوں سے نجات پانے کی فکر ہی حب رسول اور اس کے عملی تقاضے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مختیار احمد خان جدون نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم امانت و دیانت اوراخلاص و محبت
کا پیکر تھے،اپنے پرائے کا غم کھانے والے،پڑوسیوں سے حسن سلوک کرنے والے اور تمام انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے،آپ کا امتی ھونے کا تقاضا ھے کہ ہم ان کی سیرت پر عمل کریں۔
صدارتی خطبے میں ایڈشنل ڈپٹی کمشنر ھری پور ،محمد عابد نے سیرت کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ھوئے بہترین نظم و نسق پر پرنسپل اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع ہی کامیابی کی ضامن ہے ۔انسانیت کی تعمیر و ترقی،ایک بگڑے ھوئے معاشرے کو سنوارنا اور بہتر سے بہتر انداز میں اس کی تربیت کرنا تعلیمات نبوی کی کرنیں ہیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ
محنت کو اپنا شعار بنائیں،اساتزہ و والدین کا احترام کریں،راسخ العقیدہ مسلمان بنیں اور پاکستان سے محبت کریں۔
اس موقع پر حسن قرات ،حسن نعت اور سیرت النبی کے موضوع پر تقریری مقابلوں میں اول،دوم،سوم آنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ پرنسپل ادارہ نے مہمانوں کو الرحیق المختوم کے نسخے پیش کئے۔
نظامت کے فرائض سینیر ماہر مضمون زاھد حسین شاہ نے انجام دیئے۔