یونیورسٹی آف ہریپور اور کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان باہمی مفاہمت کا معاہدہ طے پا گیا ہے.
یونیورسٹی آف ہریپور میں اس حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تقریب میں یونیورسٹی آف ہریپور سے وائس چانسلر،پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان ، ڈاکٹر جنید اکبر ، ڈاکٹر محمد جہانگیر، ڈاکٹر محمّد اکرام اللہ , ڈاکٹر عطاءاللہ،ڈاکٹر محمد حیات خان، ڈاکٹر عبدالمھیمن اور کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے سی ای او ، سی ای ایف نثار احمد, صدیق احمد ،پرویز خان , طاہر نذیر اور دیگر معزز ممبران نے شرکت کی. یونیورسٹی آف ہریپور کی انتظامیہ کی جانب سے معزز ممبران کا شاندار استقبال کیا گیا –
اس مفاہمت نامے کا بنیادی مقصد یونیورسٹی آف ہریپور اور سی ای ایف کے درمیان باہمی تعاون کی کوششوں کے لئے ایک ایساذریعہ تیار کرنا ہے جوکہ فیکلٹی کی ترقی اور طلباء کو قرآنی تعلیم ، کردار کی تعلیم اور کمیونٹی کی تعلیم کے بارے میں پراثر اور بہترین انداز فراہم کرسکے –
فریقین اس بات پر متفق ہیں کہ یہ مفاہمت نامہ آر اینڈ ڈی ، ماہرین تعلیم اور دونوں اداروں کے طلباء کے ذریعہ تیار کردہ ، بعد کے مخصوص منصوبوں کے لئے بنیاد اور فریم ورک فراہم کرے گا ، جن پر دیگر الگ الگ تحریری معاہدوں میں کام کیا جائے گا۔
اس معاہدے کا دائرہ کار مرکزی کیمپس، سب کیمپس اور ملحقہ تعلیمی اداروں کے اندر تمام فیکلٹیز، محکموں، مراکز، اسکولوں اور پروگراموں تک محدود نہیں ہے, بلکہ یہ ادارہ پورے ملک میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے-
وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر وہ سہولت مہیا کریں گے جو کہ طلبہ کی کردار سازی میں ، ایک بہترین اور مہذب شہری بننے میں ، قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو ۔ مذید انھوں نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد طلبہ پر بوجھ ڈالنا نہیں ہے بلکہ انکی قرآنی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے تاکہ ان کی عملی زندگی بہتر سے بہترین بن سکے ۔
تقریب ک احتتام پر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان اور سی ای او ، سی ای ایف نثار احمد نے معاہدے کے دستاویزات پر دستخط کیے.