
اسلام آباد (ہم گواہ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر افضل بٹ اور جنرل سیکرٹری نیئر علی خان سے ورکنگ جرنلسٹس گروپ کے صدر شاہد اختر اعوان نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ہری پور کے صحافی حارث سواتی پر درج کی گئی جھوٹی ایف آئی آر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
شاہد اختر اعوان نے بتایا کہ صحافی حارث سواتی نے چند روز قبل خانپور سے ایک خبر پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی، جس پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ان پر جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔ اس ایف آئی آر کے ذریعے نہ صرف ایک صحافی کی تذلیل کی گئی بلکہ آزادی صحافت پر بھی حملہ کیا گیا ہے
شاہد اختر اعوان نے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور جنرل سیکرٹری نیئر علی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں فوری نوٹس لیں اور حارث سواتی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں۔ انہوں نے پی ایف یو جے سے تعاون کی اپیل کی کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور آزادی اظہار کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
پی ایف یو جے کی قیادت نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہری پور کے صحافی کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس واقعے کی مکمل چھان بین کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ صحافی برادری نے اس ملاقات کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے حق گو صحافیوں کا حوصلہ بلند ہوتا ہے۔
