
مظفرآباد (نامہ نگار) – پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کی کال پر ملک بھر سے صحافی مظفرآباد میں جمع ہوئے اور اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کی، جبکہ دیگر صحافتی تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
مظاہرین نے پیکا ایکٹ اور صحافیوں پر جھوٹے مقدمات کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ آزادی صحافت پر لگائی گئی قدغنیں اور کالے قوانین فوری طور پر واپس لیے جائیں۔
صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا:
"صحافیوں کو دبانے کے لیے کالے قوانین اور جھوٹے مقدمات کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ ہم نے قلم کا علم اٹھایا ہے، کسی کے سامنے جھکنے والے نہیں۔ جب تک آزادی صحافت کو مکمل تحفظ نہیں دیا جاتا، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔”
ورکنگ جرنلسٹس کے صدر شاہد اختر اعوان نے کہا:
"آج کا دن صحافیوں کے لیے یومِ سیاہ ہے۔ ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے۔ جس ملک میں خبر کو صحیح یا غلط قرار دینے کا فیصلہ تھانے کریں گے، وہاں آزادی صحافت کا اختتام ہو چکا ہے۔”
احتجاج کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری اسمبلی کے باہر تعینات رہی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس الرٹ رہی، جبکہ مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان ممکنہ تصادم کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
