
شاہد اختر اعوان، سابقہ امیدوار برائے صدر ہری پور پریس کلب کا بیان
"ہری پور کے نواحی گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر انصاف کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس ایف آئی آر میں نہ تو اس کے گھر کا مکمل پتہ موجود ہے، نہ فون نمبر، نہ ہی کسی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑی کی تفصیلات درج ہیں۔ یہاں تک کہ گاڑی میں موجود کسی گواہ، کنڈکٹر یا ڈرائیور کے بیانات لیے بغیر مقدمہ درج کر دیا گیا۔
اس کے بعد اس صحافی کی حوالات میں لی گئی تصویر کو وائرل کرنا پولیس کی غیر پیشہ ورانہ رویے اور صحافیوں کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش کو ظاہر کرتا ہے۔ پولیس کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہے۔
اس واقعے نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ ہری پور پریس کلب کے اقتدار پر موجود صحافیوں کی نااہلی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ اگر پریس کلب کی قیادت ذمہ دار اور فعال ہوتی تو صحافیوں کے ساتھ ہونے والی اس طرح کی زیادتیوں کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کیے جاتے۔
ہم نہ صرف اس واقعے کے خلاف آواز بلند کریں گے بلکہ اس کی حقیقت بھی عوام کے سامنے لائیں گے۔ جو لوگ اس سازش کے پیچھے ہیں، انہیں بے نقاب کیا جائے گا اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ صحافی برادری کے ساتھ کسی بھی زیادتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہم ہر ممکن قانونی و اخلاقی جدوجہد جاری رکھیں گے۔”



