راولپنڈی پولیس نے دفعہ 144 کے باوجود احتجاج کرنے والے112 طلبہ کےخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق گزشتہ دنوں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود احتجاج کرنے والے 112 طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں ایک ہزار سے زائد نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق طلبہ کےاحتجاج کے دوران ایک پولیس اہلکاربھی زخمی ہوا، مظاہرین نےتوڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت کی۔ یہ بھی پڑھیں
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے کہا ہےکہ جلاؤ گھیراو کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، پولیس نے ہنگامے کے دوران 350 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا۔
سی پی او نے بتایا کہ سینئر افسران پر مشتمل 12 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جب کہ سوشل میڈیا پر شر انگیزی پھیلانے والوں کی بھی شناخت کی جارہی ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے آج صوبےبھر میں تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان فیڈرل بورڈ کے مطابق آج ایچ ایس ایس سی کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں اور بیرون ملک کے طلبہ کے امتحانات بھی ملتوی ہوگئے ہیں جب کہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں راولپنڈی اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر میٹروبس سروس آج بھی بند رہے گی۔