اکثر کوئی مکھی آپ کو تنگ کرنا شروع کردیتی ہے اور آپ تنگ آکر اسے مارنے کے لیے اپنے منہ پر بھی ہاتھ مارنا شروع کردیتے ہیں لیکن چینی شہری مکھی کی وجہ سے ایک آنکھ سے محروم ہوگیا۔
یہ واقعہ چین کے شہر شینزین میں پیش آیا جہاں ایک شخص کو منہ پر بیٹھی مکھی مارنا مہنگا پڑ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شخص اپنے کاموں میں مصروف تھا کہ مکھی اس کے آس پاس مسلسل بھنبھنا رہی تھی اور جیسے ہی مکھی اس کے منہ کے پاس آکر بیٹھی اس نے مکھی کو مار دیا۔
بھارت میں انوکھی چوری واردات سے قبل چوروں نے گھر میں پکوڑے بنا کر کھائے
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس شخص کو مکھی سے تو چھٹکارا مل گیا لیکن کچھ دیر بعد اس کی الٹی آنکھ سرخ ہوگئی اور سوزش کے سبب شدید تکلیف ہونے لگی جس پر ڈاکٹر سے رجوع کیا گیا اور اسے طبی امداد دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ادویات کے استعمال کے باوجود بھی اس شخص کو آرام نہیں آیا اور اس کی بینائی بھی متاثر ہونے لگی۔
ڈاکٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ آنکھ میں انفیکشن کے نتیجے میں اس کی آنکھ اور آس پاس کے حصے میں شدید السر ہو گیا اور انفیکشن کو دماغ تک پھیلنے سے بچانے کیلئے ڈاکٹرز کو متاثر آنکھ کو نکالنا پڑا۔