ہریپور ( فضہ ریاض )موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں پائیدار زراعت اور جنگلات کے تحفظ و ترقی کی حکمت عملی پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا کامیاب انعقاد، تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ہری پور اور فاریسٹ سروسز اکیڈمی پنجاب، گھوڑا گلی، مری نے مشترکہ طور پر 10 تا 12 جولائی 2024 کو مذکورہ کانفرنس کا انعقاد فاریسٹ سروسز اکیڈمی، مری کے مقام پر کیا۔ کانفرنس کا افتتاح مہمان خصوصی وائس چانسلر ہری پور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں کانفرنس کے چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید، ڈاکٹر افتخار فاروقی، ڈائرکٹر، فاریسٹ سروسز اکیڈمی، مری اور پرنسپل اکیڈمی، بابر سہیل نے کانفرنس کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کراچی پاک کالونی میں مقابلے کے بعد 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کانفرنس میں ہری پور یونیورسٹی، محکمہ جنگلات پنجاب اور پاکستان کے دیگر علاقوں اور اداروں اور بیرون ملک سے ماہرین، پالیسی سازوں، اسٹیک ہولڈرز، سرکاری محکموں اور سول سوسائٹی کے محققین اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
کانفرنس نے زراعت اور جنگلات میں موسمیاتی تبدیلیوں سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے مروجہ طریقوں اور جدید علوم اور ٹیکنالوجی پر مشتمل حل تلاش کرنے کے لیے ماہرین کو ایک اہم موقع فراہم کیا۔ کانفرنس میں موسمیاتی سمارٹ زراعت کے طریقوں، زرعی جنگلات، زمین کے پائیدار بندوبست، اور موثر پالیسیوں اورمتعلقہ قوائد و ضوابط کی تنفیذ کی ضرورت پر متعلقین کی توجہ مرکوز کی گئی۔ شرکاء نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے خوراک اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اپنے تجربات اور بہترین طریقوں اور آئیندہ کے لیے بہترین اشتراک کار پر بات کی۔ اس موقع پر ایچ ای سی کے مشیر پروفیسر ڈاکٹر انوار الحسن گیلانی نے گرینڈ مباحثے کا اختتام اپنے قیمتی کلمات سے کیا، پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء، منتظمین، طلباءو طالبات اور ملکی و بیرونی ماہرین کا ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
مجموعی طور پر، کانفرنس موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں پائیدار طریقوں کی تشکیل اور ان کی تنفیذ کے حوالے سے ایک بہت بڑی کامیابی تھی۔ یونیورسٹی آف ہری پور نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کے پائیدار حل کو فروغ دینے اور اہم شعبوں اور متعلقہ محکموں کے لیے ایک پل کا کردار ادا کیا اور آئیندہ بھی اس حوالہ سے بھرپور کام کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا، جبکہ شرکاء نے یونیورسٹی اور فارسٹ سروسز اکیڈمی، مری کا اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔