
چین کی نئی الیکٹرک کار نے آتے ہی دُھوم مچادی
چین میں تیار کردہ نئی الیکٹرک کار نے آتے ہی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے، صرف ایک دن میں دنیا بھر سے ہزاروں آرڈر مل گئے۔
تفصیلات کے مطابق، چین کی اسمارٹ فون کمپنی شیاؤمی نے اپنی پہلی الیکٹرک کار متعارف کروا دی ہے اور کمپنی جلد ہی مزید گاڑیاں بنانے کے آرڈر لینا شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو لی جون کا کہنا ہے کہ شیاؤمی کی کار ’اسپیڈ الٹرا‘ (ایس یو 7) کی قیمت 29 ہزار 900 ڈالر ہوگی۔ شیاؤمی کی جانب سے الیکٹرک کار متعارف کروانے کے عمل کو ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا اور ’بی وائے ڈی‘ کا مقابلہ کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق تاہم شیاؤمی ایس یو 7 خریدنے کے خواہشمند افراد کو اس کے لیے تقریباً چھ مہینے انتظار کرنا پڑے گا۔
چینی سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے اسکرین شاٹس کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کو گاڑی کے حصول کے لیے 27 ہفتے رکنا پڑے گا۔
اس سے قبل کمپنی کا کہنا تھا کہ ایس یو 7 متعارف کروانے کے 24 گھنٹوں کے اندر انہیں گاڑی کے تقریباً 89،000 پری آرڈر موصول ہوئے ہیں۔
شیاؤمی نے ایک ایسے وقت میں الیکٹرک کار متعارف کروائی ہے جب دُنیا بھر میں ان گاڑیوں میں لوگوں کی دلچسپی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور ان گاڑیوں کی قیمتوں پر بھی کمپنیوں کے درمیان ایک رسہ کشی کی صورتحال بن چکی ہے۔
شیاؤمی کو امید ہے کہ ’ایس یو 7‘ کا فون اور لیپ ٹاپ سے منسلک آپریٹنگ سسٹم اور اس میں نصب دیگر ڈیوائسز صارفین کی ای ویز میں دلچسپی بڑھا دے گی۔
یاد رہے اطلاعات کے مطابق گذشتہ مہینے ایپل نے الیکٹرک کار بنانے کا منصوبہ مؤخر کر دیا تھا۔
میک اپ برش استعمال کرنا کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟ اور انہیں کس طرح صاف کیا جائے؟