ہری پور پریس کلب کے صدر ذاکر حسین تنولی نے کہاہے کہ پریس کلب ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے کسی ذاتی پسند ناپسند کے بجائے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے میڈیا کالونی میں ممبران کے لیے پلاٹس کی تقسیم بہتر انداز میں جلد طے کر لیں گے پریس کلب کی تمام کمیٹیاں ختم کرتے ہیں ضروری امور پر فیصلے کیبنٹ میں کریں گے تمام ممبران تعاون کریں تا کہ پریس کلب کی بہتری اور مثبت صحافت کے فروغ کے لیے یکجہت و یکجان ہو کر کام کر سکیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کلب کی جنرل باڈی کے دوسرے باضابطہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔قبل ازیں جنرل سیکرٹری پریس کلب ملک محمد اقبال نے اجلاس کے ایجنڈے کے تحت کاروائی شروع کی جس میں الیکشن کے بعد کی کارگزاری،میڈیا کالونی پلاٹوں کی الاٹمنٹ مشاورت اور پریس کلب 2012/13 فنڈنگ آڈٹ اور نئی فنڈنگ کے حصول پر مبنی ایجنڈا آئٹمز پر ہری پور یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر صداقت حسن،یونس مجاز،پریس کلب کے سابق صدر حنیف اختر،سابق صدر ملک فیصل اقبال ،سابق جنرل سیکرٹری حافظ جاوید الحق،ابرار تنولی،قاضی نواز،عصمت شاہ مشوانی،غلام حبیب،یاسر خان،بلاول اقبال،آصف اقبال،نیاز حیدر مغل،پریس کلب کے سینئیر نائب صدر مشرف ہزاروی،جائنٹ سیکرٹری مہر سیماب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اپنے خطاب میں صدر پریس کلب ذاکر حسین تنولی نے کہا کہ ہمیں پازیٹو اپروچ اور ممبرانِ کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے بھائی چارے و باہمی رواداری کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا تا کہ اچھی روایات پروان چڑھیں،پریس کلب کو اچھی اور مضبوط بنیاد فراہم ہو جس پر آئندہ بھی خوش اسلوبی سے ممبران کی بہتری کے لیے مثبت سرگرمیاں اور کاوشیں جاری و ساری رہیں۔انھوں نے پریس کلب الیکشن کے بعد سے اب تک کی کارگزاری بیان کرنے علاوہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل معاملات پر ممبران سے تجاویز بھی طلب کیں تا کہ جلد از جلد انھیں پایہ تکمیل تک پہنچا کر پریس کلب کی بہتری کے لیے طے شدہ اہداف بخوبی حاصل کیے جا سکیں۔اجلاس کے دوران بحث میں ممبران نے بھرپور حصہ لیا اور اپنے اپنے نکتہ نظر کا کھل کر اظہار کیا۔صدر پریس کلب نے کہا کہ جنرل باڈی کے پہلے اجلاس میں واضح کر دیا تھا کہ پریس کلب کی نئی ممبرشپ کسی کو نہیں دی جائے گی تاہم سابق ممبران کی ممبرشپ بحال کی جائے گی جو کر دی ہے آئندہ بھی پریس کلب آئین کے مطابق اور کیبنٹ کی مشاورت سے معاملات چلائیں گے اور جہاں ضروری ہوا ممبران کو بھی مشاورت میں شامل کریں گے کیونکہ ممبران کی عزت ہی ہماری عزت ہے۔



