ہری پور()آل بلدیاتی چییرمین اتحاد نے ظالمانہ بجلی بلوں سے غریب عوام کو نجات دلانے کے لیے ڈسٹرکٹ بار،چیمبر،آل ٹریڈرز ،ال ایمپلائیز سمیت سول سوسائٹی تنظیمات کے ساتھ مل کر منگل شام چار بجے تاریخی احتجاج کا اعلان کر دیا،مساجد میں اعلانات سے بڑے عوامی احتجاج کے لیے عوامی تحریک شروع،بل جمع نہ کروانے کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافہ اور ناروا ٹیکسوں کے خلاف آل چیئرمین اتحاد کا ہنگامی اجلاس صدر ملک فیصل اقبال خان کی صدارت میں چئیرمین نادر ارشاد تنولی کی رہائشگاہ جیل روڈ پر منعقد ہوا جس میں اللہ یار خان،فیصل خان ترک،ملک لیاقت حیات ،عظیم خان،سمیع اللہ خان،حاجی غلام جان خان،الیاس خان تنولی،بابو نسیم،
جمیل الرحمان،بابر خان اور دیگر نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عوام بجلی بلوں سے عاجز س کر خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں مگر حکومت انھیں ریلیف دینے کے بجائے ان پر ناروا ٹیکس اور بجلی کی قیمت آئے روز بڑھا کر غریب اور سفید پوش عوام کو زندہ درگور کر رہی ہے اب عوام اس ظلم و ناانصافی سے تنگ آ کر تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق سڑکوں پر نکل آئے ہیں ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں اور ان پر یہ ظلم کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔انھوں نے کہا کہ ظالمانہ بجلی بلوں کے خلاف سول سوسائٹی تنظیمات کے ہمراہ منگل شام چار بجے ہونے والا تاریخی احتجاج مکمل غیر سیاسی اور صرف عوام کے لیے ہو گا جس۔میں نہ کسی سیاسی پارٹی کا نام اور جھنڈا بالکل استعمال نہیں ہونے دیا جائے بلکہ آل چیئرمین اتحاد اور سول سوسائٹی کا یہ احتجاج ہمارا نعرہ ہم عوام کے تحت ہو گا کیونکہ ہمارا مقصد متاثرہ بجلی صارفین کو بجلی کے بھاری بھرکم اور ظالمانہ بلوں سے نجات دلا کر ریلیف فراہم کروانا ہے جس کے لیے ہم سب متحد ہو کر پوری قوت سے تاریخی مگر پر امن احتجاج کریں گے۔انھوں نے سول سوسائٹی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ منگل شام چار بجے شیرانوالہ گیٹ چوک پہنچیں جہاں سے صدیق اکبر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جب کہ بل جلانے کا فیصلہ بھی زیر غور ہے۔مقررین نے کہا کہ حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں اور اب پٹرولیم مصنوعات،مہنگائی اور بجلی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے باز رہیں کیونکہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے جو صرف انھیں ظالمانہ بلوں اور مہنگائی سے ریلیف دے کر ہی قابو کیا جا۔سکتا ہے بصورتِ دیگر حکمرانوں کے لیے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو سنبھالنا بہت مشکل ہو۔جائے گا۔چئیرمین اتحاد نے کہا کہ عوام ہمارے محسن ہیں ہم ان۔کے قیمتی ووٹ سے اس مقام پر پہنچے ہیں اور اب عوام کے لیے قربانی دینا ہم پر لازم ہے ہم اپنے عوام کی خاطر ہر قربانی دیں گے مگر ان پر ظلم نہیں ہونے دیں گے ہمیں جیل سمیت ہر صعوبت منظور ہے ہمارا احتجاج پر امن ہو گا پھر بھی پولیس گرفتار کرتی ہے بے شک کرے مگر پر امن احتجاج میں شریک کسی عام آدمی یا منتخب بلدیاتی نمائندے سے بدسلوکی یا تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔