اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے تاجروں نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بلیو ایریا ٹریڈر یونین کی جانب سے اسلام آباد میں جاری احتجاج کو رکوانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کی جا رہی ہے، جس میں عدالت سے استدعا کی جائے گی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ آج ہی بینچ بنا کر حکومت کو حکم دیا جائے کہ اسلام آباد کو مظاہرین سے خالی کرایا جائے۔
پنجاب حکومت نے لاہور میں فوج طلب کرلی
پٹیشن میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کا نفاذ ہونے کے بعد فوج پہنچ چکی ہے، اس لیے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ آج ہی حکم جاری کرے۔
تاجروں کی جانب سے یہ پٹیشن راجا حسن اختر نمائندہ تاجران کے ذریعے داخل کی گئی ہے، جس میں تاجروں کا مزید کہنا ہے کہ ایس سی او کی کانفرنس ہو رہی ہے، جس کے لیے ہائی پاور وفود کی آمد و رفت شروع ہو چکی ہے۔ حالات میں مظاہرین کو ہر صورت اسلام آباد سے باہر نکالا جائے۔ اگر مظاہرے جاری رہے تو اس سے نہ صرف ملک کے اندر امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی بلکہ عالمی سطح پر بھی ملک کی بدنامی ہونے کا شدید خطرہ ہے۔
عدالت سے کمشنر آفس اسلام آباد کو بھی اس بات کا پابند کرنے کی استدعا کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھے۔