بم معمولی غلطی سے انسانی زندگی ختم کر سکتا ہے لیکن ایک بھولی خاتون دستی بم کو 20 سال تک ہتھوڑا سمجھ کر استعمال کرتی رہی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ عجیب وغریب واقعہ چین میں پیش آیا جہاں ایک 90 سالہ عمر رسیدہ کَن نامی بھولی بھالی خاتون 20 سال تک دستی بم کو ہتھوڑا سمجھ کر اس سے دیوار میں کیلیں ٹھونکتی اور گری دار میوے توڑنے کے لیے استعمال کرتی رہی۔
چین میں یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح اس وقت پھیلی جب صوبہ ہوبی ژیانگ یانگ میں سرکاری عملہ مذکورہ خاتون کا ایک پرانا گھر گرانے وہاں پہنچا تو کن کے ہاتھ میں ہتھوڑے نما دستی بم دیکھ کر حیران رہ گیا۔
عملے نے پولیس کو اطلاع دی جس نے وہاں پہنچ کر تصدیق کی کہ یہ ہتھوڑا نہیں بلکہ دستی بم ہے اور اس کا لکڑی کا ہینڈل برسوں کے استعمال سے ہموار اور چمکدار ہو گیا ہے جبکہ اس پر ڈینٹ بھی پڑ چکے ہیں۔
پولیس دستی بم کو اپنے ہمراہ لے گئی تاہم خاتون کو 20 سال بعد پتہ چلا کہ وہ جس کو ہتھوڑا سمجھ کر 20 سال تک اس سے کیلیں ٹھونکنے، سخت چیزوں کو جوڑنے اور گری دار میوہ جات بادام، اخروٹ، پستے توڑنے کے کام میں استعمال کرتی رہی، وہ حقیقت میں بم ہے۔
اس حوالے سے مذکورہ خاتون نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سالوں قبل صوبہ ہوبی کے ژیانگ یانگ میں اپنے کھیت پر کام کر رہی تھی جہاں اسے لکڑی کے ہینڈل والی یہ عجیب و غریب دھات ملی تھی اور وہ اس کو ہتھوڑا سمجھ کر اپنے ساتھ گھر لے آئی تھی۔