حیدرآباد کے ضلع کومرم بھیم میں دو افراد کو ہلاک کرنے والے ہاتھی کو بالآخر بڑی مشکلوں سے واپس بھیج دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، دہشت پھیلانے والا ہاتھی بھارتی ریاست مہاراشٹر سے عادل آباد کے جنگلات میں داخل ہوا۔ سرحدی علاقوں میں دہشت مچانے والے ہاتھی کے حملے میں دو افراد بھی زخمی ہوئے۔
مرنے والوں کی شناخت الوری شنکر اور پوشنا کے طورپر ہوئی ہے۔ ہاتھی کے حملے نے مقامی افراد کو خوفزدہ کردیا تھا، جبکہ انھوں نے ہاتھی کو پکڑنے کے لیے فوراً محکمہ جنگلات کے حکام کو اطلاع دی۔
محکمہ جنگلات کی تین ٹیموں نے تھرمل ڈرون کی مدد سے ہاتھی کی تلاش کا کام شروع کیا، اور بعد میں ہاتھی کو مہاراشٹرا کے جنگلات منتقل کرنے کے لیے آپریشن شروع کیا۔
دہشت پھیلانے والے ہاتھی کو واپس جنگل بھیجنے کا عمل کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جبکہ ضلع آصف آباد سے ہاتھی کے جانے پر مقامی افراد کے معمولات بحال ہوگئے۔