وفاقی حکومت نے آئندہ ہفتے عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے اور اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کی جانب سے عید تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق، ہفتے میں 5 روز کام کرنے والے دفاتر میں عید تعطیلات 10 سے 12 اپریل تک اور 6 روز کام کرنے والے دفاتر میں 10 سے 13 اپریل تک چھٹیاں ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اس سال پاکستان میں ماہ رمضان المبارک 29 روز کا ہونے اور عیدالفطر بدھ 10 اپریل کے ہونے کا امکان ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بھی عید کا چاند دیکھنے کے لیے منگل 9 اپریل کو اجلاس طلب کیا ہے۔
یہ اجلاس وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں ہوگا، اور اس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
اجلاس میں کمیٹی ممبران، محکمہ موسمیات، اسپارکو سائنس ٹیکنالوجی حکام شامل ہوں گے، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے۔