آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا آغاز ہو گیا ہے پاکستان میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کل نیدر لینڈ کے خلاف میچ سے کر ے گا۔
کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا آغاز ہو چکا ہے۔ ایونٹ میں 10 ٹیمیں شریک ہیں۔ بھارت کا تاریخی شہر حیدرآباد دکن پاکستان کے ورلڈ کپ میں پہلے میچ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ شائقین کرکٹ پاکستان کے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ پاکستان یہاں اپنے دو ابتدائی میچز کھیلے گی جس کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی مہم کا آغاز کل جمعے کو حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں آسان حریف نیدر لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی جب کہ جمعرات 12 اکتوبر کو اسی میدان میں سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔
حیدرآباد دکن میں میچز ہائی اسکورنگ ہونے کی توقع ہے کیونکہ دونوں وارم اپ میچز کی چاروں اننگز میں 300 سے زائد رنز بنے ہیں۔